نئی دہلی، 29؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دہلی خاتون کمیشن نے آج سی بی آئی کو نوٹس جاری کرکے بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کر رہے ایک اعلی سرکاری افسر اور اس کے بیٹے کی طرف سے ایجنسی کے کچھ حکام کی طرف سے مبینہ طور پر پریشان کیے جانے کے بعد خودکشی کرنے سے متعلق معاملے میں اب تک کی گئی کارروائی کی تفصیلات مانگی ہے۔ڈی سی ڈ بلیو کی چیف سواتی مالیوال نے کہا کہ ان لوگوں نے سی بی آئی کے ڈائریکٹر انیل کمار سنہا کو نوٹس جاری کر کے پوچھا ہے کہ معاملے کی منصفانہ جانچ کے لیے کون سے قدم اٹھائے گئے ہیں۔بیوی ستیہ بالا اور بیٹی نیہا کی طرف سے خودکشی کئے جانے کے دو ماہ بعد کارپوریٹ امور کے سابق ڈائریکٹر جنرل بی کے بنسل اور ان کے بیٹے یوگیش نے 27؍ستمبر کو خودکشی کر لی تھی ۔ان کی طرف سے مبینہ طور پر لکھے گئے ایک سوسائڈ نوٹ میں بنسل نے مبینہ طور پر الزام عائد کیا ہے کہ سی بی آئی کے ایک ڈی آئی جی، دو خواتین افسران اور ایک موٹے حولدار نے ان کی بیوی اور بیٹی کو پریشان کیاتھا ، جس کے بعد دونوں نے جولائی میں خودکشی کر لی۔مالیوال نے کہاکہ ہم لوگوں نے سی بی آئی کے ڈائریکٹر کو نوٹس جاری کرکے پوچھا ہے کہ ان افسران کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی، جن کے نام سوسائڈ نوٹ میں ہیں۔کیا وہ اس معاملے میں متعلقہ افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کرا رہے ہیں؟ ہم لوگ اس بات کی تفصیلات چاہتے ہیں کہ وہ اس معاملے میں کس طرح شفاف اور آزادانہ تحقیقات کرنے جا رہے ہیں کیونکہ سوسائڈ نوٹ میں ایک سینئر لیڈر اور اعلی عہدوں پر فائز سی بی آئی افسران کے نام درج ہیں۔